اسلام آباد : حکومت نے پٹرولیم لیوی میں 9 روپے 36 پیسے فی لٹر کا اضافہ کر دیا، جس کے بعد لیوی ایک مرتبہ پر 80 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی پیٹرولیم لیوی کی شرح میں بھی ہوشربا اضافہ کرکے عوام کو ریلیف سے محروم کردیا۔
وفاقی حکومت نے رد و بدل کرتے ہوئے پٹرول اور ہائی آکٹین بلینڈنگ کمپوننٹ پر لیوی میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر لیوی کی شرح برقرار رکھی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پٹرول پر پٹرولیم لیوی میں 9 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول پر لیوی 70 روپے 36 پیسے سے بڑھ کر 80 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح ہائی آکٹین بلینڈنگ کمپوننٹ پر بھی 9 روپے 64 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس پر پٹرولیم لیوی 95 روپے 36 پیسے سے بڑھ کر 105 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کی شرح 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی ایک بار پھر 80 روپے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ دیگر مصنوعات پر لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پیٹرول لیوی میں بڑا اضافہ، 80 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی



