لاہور(29 جون 2026): ٹیکس نادہندگان اور جعلسازی کے خلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کروڑوں روپے کا فراڈ پکڑا لیا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے ٹیکس نادہندگان اور جعلسازی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے معروف ریسٹورنٹس، فوڈ چینز اور پراپرٹی ڈویلپرز کے خلاف سخت کارروائیاں کی ہیں۔
ترجمان پی آر اے کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے کا ٹیکس فراڈ پکڑا گیا ہے، یہ کارروائیاں پی آر اے کی لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کی انفورسمنٹ ٹیموں نے انجام دیں۔
ترجمان نے بتایا کہ الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم (ای آئی ایم ایس) کا استعمال نہ کرنے اور ٹیکس گوشواروں میں خوردبرد کرنے پر یہ ایکشن لیا گیا ہے۔ گوشواروں میں ردوبدل اور ڈیجیٹل ریکارڈ میں چھیڑ چھاڑ کرنے پر مختلف فوڈ چینز کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ عوام سے وصول کیا گیا ٹیکس ایک سرکاری امانت ہے جس میں کسی قسم کی خیانت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری اور فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Pink Taxi scheme announced in Sindh
پنجاب ریونیو اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے کا فراڈ پکڑا گیا



